وزیر اعظم عمران خان نے ایف بی آر کو ریکارڈ ٹیکس جمع کروانے پر سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کی مد میں ریکارڈ ٹیکس جمع کرنے سے پیسے جمع ہوئے ، جس کی مدد سے عوام کو ریلیف دیا گیا۔اسلام آباد میں بلاسود قرضوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا، ہم نے ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست مدینہ کے اصولوں پر پاکستان کو کھڑا کرنا تھا، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ 1947 میں جو ہمارا قبلہ تھا ہم اس راستے پر نہیں چلے جس کی وجہ سے پاکستان وہ عزت اور مقام نہیں ملا جو ہمیں ملنا چاہیے تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی اور ہمارا نظریہ ریاست مدینہ کا نظریہ تھا جس میں دو اہم چیزیں تھی ایک انسانیت اور دوسرا نبیﷺ کا حکم کہ جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہوجاتی ہے یعنی قانون سے بلاتر نہیں ہے۔
