کوئٹہ: فاطمہ جناح روڈ پر دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق

کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن فدا حسین شاہ نے کہا کہ شام 7بجے تھانہ سٹی کی موبائل گزر رہی تھی کہ زور دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا معلوم کر رہے ہیں تاہم اس دھماکے میں 2 سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

ڈی آئی جی فدا حسین شاہ نے بتایا کہ دھماکے میں ایک ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے 3 افراد کے جاں بحق اور دیگر زخمیوں کی تصدیق کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے ہسپتالوں میں فوری ہنگامی صورت حال نافذ کرنے، تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہسپتال میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کوئٹہ شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو بیرونی حمایت حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، نگرانی اور مانیٹرنگ کا میکینزم قائم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور سیکریٹری صحت کو زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت، ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ‘کوئٹہ سے خوف ناک خبریں آرہی ہیں، اللہ تعالیٰ شہیدوں کو اعلیٰ درجہ اور زخمیوں کو صحت دے’

About admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے