قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے درکار تعداد پوری کرنے کی کوششوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے اراکین کو غیر ملکی دورے منسوخ کرنے اور آئندہ چند روز تک اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان اطلاعات کے تناظر میں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بظاہر اپوزیشن کے عدم اعتماد کے منصوبے کو بے اثر کرنے کے لیے ارکینِ اسمبلی کے غیر ملکی دوروں کا منصوبہ بنا رہی ہے، دونوں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے اراکین کو کسی غیر ملکی دورے کے لیے وفد کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کی ہے۔پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ لاہور سے وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہوگیا ہے جس سے اسلام آباد میں سیاسی تناؤ میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے ابھی تک پی پی پی کو پارلیمنٹ کے سامنے مشہور ڈی چوک پر عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی۔
