اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سامنے آکر مقابلہ کرو اوچھے ہتھکنڈے مت استعمال کرو۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور میں اسپیشل سنٹرل عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خارجہ پالیسی اور نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات دے کر ملک اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سامنے آکر مقابلہ کرو، اوچھے ہتھکنڈے مت استعمال کرو، ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرتے رہے ہیں، ہم جیلوں میں بھی گئے ہیں اور اب بھی تمہارے ہر اوچھے اقدام کا مل کر مقابلہ کرینگے اور ناکام بنائیں گے۔ صدر ن لیگ نے کہا کہ میں عمران خان کے بیانات نہیں پڑھتا، “نہیں چھوڑوں گا ” اور “چور و ڈاکو” کی رٹ وہ شخص لگا رہا ہے جس کی عقل ماؤف ہو چکی ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکا ہے، اس لئے دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا ہے۔
