لاہور: پنجاب پولیس نے مہنگائی مکاؤ مارچ پر دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔
تکمیل نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے حوالے سے بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جبکہ سیاسی جماعت کے قائدین کو بھی دہشت گردوں کے عزائم سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سیاسی شخصیات یا اُن کے پروگراموں کو نشانہ بناسکتے ہیں لہذا مارچ کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال نہ کیا جائے اور کسی بھی مشکوک شخص کو مارچ میں شریک ہونے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت اور ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف لاہور سے اسلام آباد تک مہنگائی مکاؤ مارچ کا اعلان کیا ہے، جس کی قیادت ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے۔ پارٹی قیادت نے لانگ مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ اراکین اسمبلی سے فنڈز بھی مانگے ہیں۔