ومی اسمبلی اجلاس کیلئے حکمت عملی پر مشاورت کے لئے اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی رہائشگاہ پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ادھر متحدہ اپوزیشن کا پارلیمانی اجلاس کل صبح طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صدارت میں اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو ، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، سعد رفیق، خواجہ آصف ودیگر شریک ہوئے۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شیری رحمان اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان تحریک عدم اعتماد اور اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ادھر متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی اجلاس کل صبح طلب کرلیا ہے، اپوزیشن ارکان اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے پارلیمنٹ میں ہو گا، میٹنگ میں قومی اسمبلی اجلاس بارے حکمت عملی مرتب دی جائے گی، حکومت اور سپیکر کیخلاف ممکنہ احتجاج بارے مشاورت بھی ہو گی۔