سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کیا وزیراعظم کو عدلیہ پر اعتماد نہیں اور کیا انہیں غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نہیں روکا جاسکتا؟۔آرٹیکل 63 اے کی تشریح چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نےصدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آرٹیکل 63 اے کو اکیلا نہیں پڑھا جاسکتا، پارٹی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے جماعتیں ڈسپلن کے پابند ہوتے ہیں، کوئی پارٹی کے ساتھ نہیں چل سکتا تو مستعفیٰ ہوسکتا ہے، پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والا تاحیات نااہل ہونا چاہیے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 63 اے کو 62 ون ایف کے ساتھ کیسے جوڑیں گے، کیا کسی فورم پر رشوت لینا ثابت کیا جانا ضروری نہیں، رشوت لینا ثابت ہونے پر 62 ون ایف لگ سکتا ہے، منحرف رکن اگر کسی کا اعتماد توڑ رہا ہے تو خیانت کس کے ساتھ ہوگی۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ سب سے پہلے خیانت حلقے کی عوام کے ساتھ ہو گی ، آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی قانونی طور پر بددیانتی ہے، قانونی بددیانتی پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوگا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ووٹ جس سمت میں تیر چلائے وہ کہیں اور چلا جائے، پارٹی سے انحراف از خود مشکوک عمل ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ کیا مستعفی ہونے پر کوئی سزا ہے؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ کوئی مستعفی نہیں ہورہا یہی تو مسئلہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ورزی کے نتائج بھگتنا ہوتے ہیں ، آرٹیکل 63 اے میں لکھا ہے کہ رکنیت ختم ہو جائے گی، آپ نااہلی کی مدت کا تعین کروانا چاہتے ہیں ، آرٹیکل 62 ون ایف کے لیے عدالتی فیصلہ ضروری ہے، آرٹیکل 63 میں نااہلی دو سے پانچ سال تک ہے ، قرض واپس کرنے پر نااہلی اسی وقت ختم ہو جاتی ہے۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے استفسار کیا کہ وزیراعظم نے کمالیہ کی تقریر میں کیا کہا کہ ججز کو ساتھ ملایا جارہا ہے؟ اسکو بھی دیکھیں، سوشل میڈیا ٹی وی پر سنا تھا، کیا آپ نے وزیراعظم کی بات کا نوٹس لیا ہے؟ عدالتی سوالات کو کس طرح لیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ سیاسی قائدین کو علم ہونا چاہیے زیر التواء مقدمات پر بات نہ کریں، اگرچہ عدالت تقاریر اور بیانات سے متاثر نہیں ہوتی، سوشل میڈیا پر بھی کارروائی پر گفتگو احتیاط سے کرنا چاہیے جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کیا وزیراعظم کو عدلیہ پر اعتماد نہیں ہے، کیا وزیراعظم کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نہیں روکا جاسکتا؟، وزیراعظم کو اعلی عدالتوں کے فورم پر اعتماد نہیں تو انکے نمائندوں کو کیسے ہو گا۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ تقاریر سنتا نہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا، عدالت کو بیانات اور تقاریر سے متاثر ہونا بھی نہیں چاہیے، وزیر اعظم کو عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔
