اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب بھی وقت ہے جو دوست فیصلہ نہیں کرسکے جلدی کرلیں۔
اسلام آباد میں بلاول بھٹو،شہبازشریف اور خالد مقبول کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 4 سال پہلے شروع ہونے والے ڈرامے کا آج ڈراپ سین ہوگیا، جن دوستوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ان کے پاس اب بھی وقت ہے ، انہیں چاہیے کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہاتھ سے سب کچھ نکل گیا ہے اور پانی پلوں کے نیچے سے بہہ گیا، اس کے پاس چاٹنے کےلیے ایک بوند بھی نہیں بچی، تمہارے پاس اخلاقیات بچی ہیں تو آج ہی استعفیٰ دے دو، ہماری تعداد 175 ہے جب کہ ضرورت 172 کی ہے۔